نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نظریہ پاکستان کونسل کے درمیان معاہدہ

 

نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نظریہ پاکستان کونسل کے درمیان معاہدہ طے پاگیادونوں ادارے  پاکستانیت کے فروغ کے لئے وسائل، اور مہارتوں سے استفادہ کریں گے

اسلام آباد۔میرے نزدیک ہر سطح پر پاکستانیت کا فروغ نظریہ پاکستان کونسل کے مقاصد کا بنیادی مرکز و محور ہے۔ یہ ادارہ اپنے اس مقصد کی تکمیل میں خلوص سے سرگرم عمل ہے اور اللہ کے فضل سے کامیابی یقینی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ مقاصد کی یکسانیت کی بنا پر نظریہ پاکستان کونسل کے

ساتھ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا اشتراک و تعاون اس سفر میں کئی نمایاں سنگ میل عبور کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آر اے ۔ میجر جنرل محمد سمریزنے ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں منعقدہ خصوصی تقریب میں کونسل کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے کیا۔ کونسل کی طرف سے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی نے یادداشت پر دستخط کئے ۔ اس موقع پر کونسل کے سینئر وائس چیئرمین میاں محمد جاوید، ایگزیکٹو سیکرٹری گوہر زاہدملک، مجلسِ عاملہ کے سینئر اراکین جنرل(ر) محمد طاہر، فرید اللہ خان اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے متعلقہ افسران موجود تھے۔ مفاہمت کی یاداشت کی تقریب میں کونسل کی طرف سے استقبالی کلمات ادا کرتے ہوئے چیئرمین ڈاکٹر نعیم غنی نے کہا کہ پاکستان اس وقت کئی اندرونی اور بیرونی خطرات سے دو چار ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ ہماری بہادر افواج پاک سرحدوں کی اور پاکستان کے غیور عوام ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ احسن طریقے سے انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے بے لوث محبت ایک امانت ہے جسے آئندہ نسلوں تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس امانت کی ترسیل اہلِ علم، دانشوروں، اساتذہ، طلبہ و طالبات تک ہی نہیں عوام کے ہر طبقے تک ہونی چاہیے جو نظریہ پاکستان کونسل کا اولین مشن ہے۔ جنرل(ر) محمد طاہر نے کونسل کے اغراض و مقاصد ، سرگرمیوں اور لائحہ عمل کا اجمالی خاکہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ کاوشوں سے نظریہ پاکستان کی ترویج ، تحریکِ پاکستان کے مقاصد اور بانیانِ پاکستان کی ملی خدمات کے حوالے سے ہر دو ادارے ایک مضبوط اور مستحکم فضا قائم کرنے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔مفاہمت کی یاداشت کے مطابق دونوں ادارے علمی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانیت کے فروغ کے لئے ایک دوسرے کے وسائل ، افرادی قوت اور مہارتوں سے استفادہ کریں گے۔ تقریب میں میاں محمد جاوید اور فریداللہ خان نے بھی اظہارِ خیال کیا۔ اس موقع پر کونسل کے بانی چیئرمین زاہدملک مرحوم اور ملکی دفاع میں جان قربان کرنے والے گمنام سپاہیوں کی ارواح کے ایصالِ ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔


انجم خلیق

ڈائریکٹر(میڈیا)

0322-5370347