Your theme is not active, some feature may not work. Buy a valid license from stylothemes.com

مختصر روداد / نظریہ پاکستان کونسل / گولڈ میڈل ایوارڈز 2006

منعقدہ مارچ 2006ء

 ارفع کریم رندھاوا:

                بین الاقوامی میڈیا نے ارفع کریم رندھاوا کو پاکستان ونڈر گرل کا نام دیا ہے۔ انہیں کمپیوٹر کی دنیا میں بے مثال کارکردگی اور صلاحیت دکھانے اور آٹھ /نو سال کی عمر میں مائیکرو سافٹ وئیر سرٹیفائیڈ پروفیشنل بن کر اپنا اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر این پی سی گولڈ میڈل دیا گیا۔

 

پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق کوثر:

                تحریر و تصنیف اور علم وتحقیق کے میدان میں ڈاکٹر انعام الحق کوثر ایک ممتاز اور نمایاں شخصیت ہیں۔ 1963سے تصنیف و تالیف کا کام جار ی رکھے ہوئے ہیں ۔ تحریک پاکستان سے متعلق موضوعات پر کوئی 29کتابیں لکھ چکے ہیں۔ مختلف موضوعات پر اب تک کل 110کتابوں کی تصنیف کر چکے ہیں۔ ان میں سے بیشتر پاکستان ، قائد اعظم، اقبالیات اور بلوچستان میں تحریک پاکستان کا احاطہ کرتی ہیں۔ ڈاکٹر صاحب کی ان شاندار علمی خدمات پر انہیں گولڈ میڈل پیش کیا گیا۔

 

ابرار الحق:

                ابرار الحق نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعے، پاکستانی کلچر اور ثقافت کو ایک نیا رنگ وآہنگ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے مدھر گیتوں سے نوجوان نسل کو مسحور کیا ہے۔ علاوہ ازیں خدمت خلق اور انسانی فلاح و بہبود کے شعبے میں کارہائے نمایاں انجام دئیے ہیں۔ نارووال میں قائم کردہ انکے ہسپتال میں غریب مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔انسانیت کی اس پُر خلوص خدمت پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل دیا گیا ہے۔

 

ڈاکٹر ایاز بن ظفر:

                ڈاکٹر ایاز بن ظفر اسلام آباد کے پی آئی ایم ایس ہسپتال میں Anaesthesiaکے ماہر ڈاکٹر ہیں۔ اکتوبر 2005کے زلزلہ میں اسلام آباد کے مارگلہ ٹاور کے انہدام کے بعد ملبہ میں دبی ایک خاتون کو ملبہ میں سرنگ بنا کر اورپہلے Anaesthesiaدے کر جسطرح باہر نکالا وہ قابل تحسین ہے۔ اس غیر معمولی جرات اورمہارت پر انہیں گولڈ میڈل دیا گیا۔

 

حسن رشید رامے:

                قرآن کریم کی خطاطی کے رسوم الخط کی تحقیق جناب حسن رشید رامے کی زندگی کا نصب العین ہے۔وہ قرآن کیلی گرافی ریسرچ پراجیکٹ لاہور کے ڈائریکٹر ہیں۔ انہوں نے ایک ایسا سوفٹ ویئر ایجاد کیا ہے جسکے تحت قرآن کی طباعت میں آیات میں حرکات و اعراب کی غلطیوں کا امکان ختم ہو گیا ہے۔ مسلمانوں اور اسلام کی یہ خدمت انجام دینے پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

 

جناب محمودعلی:

                آغاز ہی سے تحریک پاکستان میں سرگرم حصہ لینے اور عمربھر پاکستان کے ساتھ بے مثال وفاداری نبھانے پر وفاقی وزیر جناب محمود علی کو گولڈ میڈل دیا گیا اور یہ تسلیم کیا گیا کہ ان کا ہر قدم استحکام پاکستان کی سمت اٹھا ہے اور وہ قومی یکجہتی اور استقلال کی علامت بن چکے ہیں۔

 

پروفسیر ڈاکٹر عطا الرحمن:

                پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ایک ماہر تعلیم اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے موضوع پر کئی ریسرچ کتابوں کے مصنف ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تیز رفتار فروغ اور اعلیٰ تعلیم کی بہتری اور ترقی کیلئے اقدامات کئے اور بیسیوں ذہین طلباء کو ڈاکٹریٹ کرنے کے لئے وظیفہ دیکر بیرونی یونیورسٹیوں میں بھیجا۔ان شاندار خدمات پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل دیا گیا۔

 

میجر جنرل شوکت سلطان:

                پاکستان کی افواج نے آزاد کشمیر اور ہزارہ میں 2005میں 8اکتوبر کے زلزلہ زدگان کو جس سرعت اور جانفشانی سے مدد پہنچائی اسے سلام اور خراج تحسین پیش کرنے کیلئے این پی سی گولڈ میڈل کا ایوارڈ دیا گیا اور ایوارڈ وصول کرنے کیلئے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹرجنرل ، میجر جنرل شوکت سلطان کا انتخاب کیا۔

 

پروفیسر حامد جاوید غامدی:

                پروفیسر حامد جاوید غامدی پاکستان کے ایسے مذہبی سکالر اور دانشور ہیں جنہوں نے اپنی عمر قرآن حکیم کی تفہیم اور تشریح کیلئے وقف کر رکھی ہے۔ آیات کریمہ کے ایک ایک لفظ کے پنہاں معانی کو سیاق و سباق کے ساتھ کتابوں اور میڈیاکے ذریعے عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ قرآن فہمی کے فروغ کیلے شاندار تصانیف دینے پر انہیں گولڈ میڈل پیش کیا گیا۔

Nazriya Pakistan Council Trust Islamabad