نئی نسل کیلئے بانیان پاکستان کی قربانیوں سے آگاہی ضروری ہے: فیصل زاہد ملک، صلاح الدین چوہدری، عشرت معصوم و دیگر کا سیمینار سے خطاب
اسلام آباد (پ ر) آج پاکستان تاریخ کے ایسےدوراہے پہ کھڑا ہے جہاں ایک طرف انتشار اور دوسری طرف ترقی کی جانب پیش قدمی ہو رہی ہے۔ پاکستان کی اکانومی بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہے مگر اس کیلئے آج پھر قائد کے سبق اتحاد، تنظیم و یقین محکم پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار نظریہ پاکستان کونسل کے چیئرمین میاں محمد جاوید نے ایوان قائد میں یوم آزادی کے موقع پر “اتحاد و استحکام پاکستان” کے عنوان سے منعقدہ قومی سیمینار کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم اپنی نوجوان نسل سے بہت پرامید تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی اور سابق سفیر پاکستان صلاح الدین چوہدری نے کہا کہ ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا چاہیئے اگر ہم تاریخ عالم کا مطالعہ کریں تو قوموں کی زندگی میں مشکل مقامات آتے رہتے ہیں۔ پاکستان اور اسکے عوام میں بہت جان ہے۔ وہ دن دور نہیں جب پاکستان عالمی برادری میں سر بلند و سرخرو ہوگا۔ سیمینار کے مہمان اعزاز و سینئر وائس چیئرمین فیصل زاہد ملک نے کہا کہ آج پاکستان کا 77 واں یوم آزادی ہے اور پرچم کشائی کرتے ہوئے مجھے میرے والد محترم زاہد ملک بے اختیار یاد آئے جنہوں نے نظریہ پاکستان کونسل ٹرسٹ کا چراغ جلا کر آنے والوں کیلئے راستے روشن کر دیئے۔ وہ سچے عاشق رسول تھے۔تصنیف “مضامین قرآن”
انکا بڑا کارنامہ ہے۔ دوسرے مہمان اعزاز و دانشور عشرت معصوم نے اپنے خطاب میں کہا میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے زاہد ملک جیسے باصلاحیت صحافی و دانشور کے ساتھ این پی سی میں کام کرنے کا موقع ملا۔ ملک صاحب انتھک کام کرنے والے اور مثبت نتائج پر نظر رکھنے والے دانشور تھے۔ میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا۔ لکھاری فرحین چوہدری نے کہا کہ نظریہ پاکستان کونسل نے یوم آزادی پر بڑے اہم موضوع پر سیمینار کا انعقاد کرایا ہے۔ حبس کے ناسازگار موسم کے باوجود پاکستان گرل گائیڈز اور پاک ترک معارف انٹرنیشنل کے سکول و کالجز کے طلباء و طالبات نے جس جذبے اور لگن سے پرچم کشائی کی اور قومی ترانہ ملی نغمے وہ انکے جذبہ حب الوطنی کی دلیل ہے۔ پروفیسرعنایت علی نے کہا کہ میں دوسری مرتبہ کونسل کی تقریب میں شریک ہو رہا ہوں۔مجھے خوشی ہے کہ این پی سی میاں محمد جاوید اور گوہر زاہد ملک کی سرپرستی میں اپنے بنیادی قومی مقاصد کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہے۔ ڈاکٹر ساجد خاکوانی نے کہا کہ آج کی تقریب میں معروف اہل علم و دانش کے ساتھ ساتھ طلبہ کی بڑی تعداد شریک ہے۔ ہم اپنے کردار اس قدر مضبوط اور فعال کرلیں کہ نئی نسل ہمیں اپنا آئیڈیل بنالے۔

مطربہ شیخ، سعدیہ حمید، گلناز شیخ،
حسن میر و دیگر نے خطاب کیا۔ قبل ازیں صبح ایوان قائد کے آنگن میں سبز ہلالی پرچم کی نقاب کشائی کی گئی۔اس تقریب کی مہمان خصوصی معروف لکھاری و پاکستان گرل گائیڈز کی سینئر ممبر نعیم فاطمہ علوی تھیں جبکہ پاکستان کی محبت سے سرشار خصوصی طور پر برطانیہ سے آئی ہوئیں نرگس علوی مہمان اعزاز تھیں۔ انکے ہمراہ چیئرمین، سینئر وائس چیئرمین و مجلس عاملہ این پی سی کے اراکین، عمائدین شہر اور مقامی سکول و کالجز کے طلبہ نے پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پڑھا۔ پاک ترک معارف انٹرنیشنل سکول و کالجز کے طلباء و طالبات نے ملی نغمے گائے اور وطن عزیز کے تمام خطوں کی ثقافتی کو اجاگر کرتا ورائٹی شو پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔ سیمینار کی نظامت ڈائریکٹر میڈیا و پروگرام حمید قیصر نے کی۔

