ملک کو اس صورتحال میں نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ھے:عبداللہ حمید گل
اسلام آباد (پ ر) یوم پاکستان اس امر کا متقاضی ہے کہ ہم استحکام پاکستان کی بات کریں۔ میں سمجھتا ہوں کہ تعلیم کے بغیر ملک دور جدید کے تقاضوں کے مطابق آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار ایوان قائد میں نظریہ پاکستان کے زیر اہتمام چیئرمین میاں محمد جاوید نے ایک محفل مذاکرہ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جسکا موضوع تھا “یوم پاکستان، استحکام پاکستان”. ان کا کہنا تھا کہ آج بھی کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ہم جب تک ان بچوں کو سکولوں میں نہیں لے آتے تب تک ہم مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کر سکتے۔ تقریب کے مہمان خصوصی معروف دانشور عبداللہ حمید گل نے کہا کہ فیصل زاہد ملک، گوہر زاہد ملک اور میاں محمد جاوید، مرحوم زاہد ملک کی قومی و نظریاتی روایات کو لیکر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اج کی محفل مذاکرہ پاکستان کے قومی مسائل پر آپکی سنجیدگی کا مظہر ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کو نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے جو تمام سٹیک ہولڈرز کو ساتھ بٹھا کر طے کیا جاسکتا ہے۔ اسکے بغیر مسائل مزید گھمبیر ہوسکتے ہیں۔ معروف دانشور کنور محمد دلشاد نے اپنے خطاب میں کہا میں آئے روز اپنے اخباری کالموں میں قومی و عوامی مسائل پر لکھتا رہتا ہوں تاہم جب تک پاکستان میں نئے صوبے قائم نہیں کر دیئے جاتے تب تک مسائل کا حل ممکن نہیں۔ نئے صوبوں کے قیام سے بہت سے بنیادی مسائل تیزی سے حل کیے جاسکتے ہیں۔ معروف شاعر و دانشور ظہیر گیلانی کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم آج نہ صرف قرارداد آزادی کی سالگرہ منا رہے ہیں بلکہ استحکام پاکستان اور درپیش مسائل کے حل پر بات کر رہے ہیں۔ یہ دن اچانک ہی نہیں آیا بلکہ اس کیلئے بانیان تحریک پاکستان کی طویل جدو جہد اور لازوال قربانیاں ہیں۔
این پی سی کے سینئر وائس چیئرمین فیصل زاہد ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سماجی و معاشی استحکام کیلئے قائد اعظم کے زریں اصول “اتحاد تنظیم اور یقین محکم” اج بھی اگر ہمارے راہنما ہوں تو کوئی وجہ نہیں پاکستان ترقی نہ کرے۔ ہم نے اپنے والد مرحوم زاہد ملک سے یہی کچھ سیکھا ہے جس پر عمل پیرا ہیں۔ معروف سماجی کارکن ثمینہ شعیب نے کہا کہ پاکستان ہماری جان ہے اور ہم اس کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ یوم پاکستان ہمیں ہر معاشرتی سطح پر اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔ سماجی کارکن سعیدہ بیگم کہا کہ پاکستان تب تک ترقی نہیں کرسکتا جب تک خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں نمائندگی کے ساتھ شامل نہیں کیا جاتا۔ یہ ملک ہم سب کا ہے اور ہم سب مل جل کر۔درپیش مسائل کا عملی حل تلاش کریں گے۔ این پی سی کے ڈائریکٹر پروگرام حمید قیصر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔