مختصر روداد نظریہ پاکستان کونسل / گولڈ میڈل ایوارڈز 2005
منعقدہ مارچ 2005ء
جناب سید شریف الدین پیرزادہ:
جناب شریف الدین پیرزادہ پاکستان کے ایک نامور اورصفِ اول کے وکیل ہیں۔ وہ آئینی ماہر کے طور پر جانے پہچانے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی ساتھ وہ اول درجہ کے دانشور اور تحریک پاکستان پر کئی کتابوں کے مصنف ہیں، قائد اعظم کے پرائیویٹ سیکریٹر ی رہ چکے ہیں انہیں آئینی ماہر ہونے کی حیثیت میں اور تحریک پاکستان پر مستند دستاویزات مرتب کرنے پر این پی سی گولڈ میڈل دیا گیا۔
ڈاکٹر زوار حسین زیدی:
ڈاکٹر زوار حسین زیدی قائد اعظم کے شیدائی ہیں۔ اسی جذبہ کے تحت انہوں نے بڑی طویل اور گہری ریسرچ اور عرق ریزی کرکے قائد اعظم پیپرز کے نام سے تحریک پاکستان، قائد اعظم اور مسلم لیگ کے متعلق کتابیں مرتب کی ہیں جو مسلمانوں کی سیاسی تاریخ کا ایک شاندارمرقع ہیں اور قابل قدر اور مستند دستاویز کا درجہ حاصل کر چکی ہیں۔ ان شاندار خدمات پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل ایوارڈ دیا گیا ۔
جناب رضوان احمد:
قائد اعظم کی شخصیت ، انکے کردار اور تحریک پاکستان کے واقعات کی کتابی صورت میں مستند تصویر کھینچنے میں جناب رضوان احمد ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی تیس(۳۰) کتابیں اور کتابچے لکھ چکے ہیں۔ قائد اعظم کے فرمودات پر ایک مستند کتابچہ ترتیب دیکر انہوں نے ایک بڑی کمی دور کر دی۔ تصیف و تالیف کی اِن قابل قدر خدمات پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل دیا گیا۔
پروفیسر فتح محمد ملک:
پروفیسر فتح محمد ملک پاکستان کی نامور علمی ، ادبی شخصیت ہونے کے علاوہ ایک مشفق استاد ہیں۔ وہ کئی ادبی تنظیموں کے سربراہ رہ چکے ہیں جن میں مقتدرہ خاص کر قابل ذکر ہیں۔ ادب اور سماجی موضوعات پر انکی تحریر یں بڑے شوق سے پڑھی جاتی ہیں۔ پاکستان اور دو قومی نظریہ پر انہوں نے شاندار تصنیفات قوم کو دی ہیں۔ ان خدمات پر پروفیسر فتح محمد ملک کو این پی سی گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔
پروفیسر شریف المجاہد:
جناب شریف المجاہد تحریک پاکستان اور قائد اعظم پر لکھنے والوں میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ ان موضوعات پر کئی کتابیں، کتابچے اور مضامین تحریر کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے وہ ایک اتھارٹی ہیں۔وہ تاریخ کے نامور استاد بھی ہیں ۔ تحریک پاکستان پر اپنی تحریروں کے ذریعے قوم اور دنیا کو تقسیم ہند کی اصل تاریخ سے آگاہ کرتے رہنا ان کامطمح نظر ہے ۔اس خدمت پر این پی سی نے انہیں گولڈ میڈل ایوارڈ سے نوازا۔
ڈاکٹر ریاض احمد:
پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ایک تاریخ دان اور تاریخ کے استاد ہیں۔ پاکستان کے موضوع پر تیس سے زیادہ کتابوں اور کتابچوں کے مصنف ہیں۔وہ قائد اعظم یونیورسٹی میں شعبہ تاریخ کے سربراہ اور قومی ادارہ تاریخ و ثقافت کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ قوم کو پاکستان کی تاریخ اور قائد اعظم پر متعدد تصانیف دینے پر انہیں این پی سی گولڈ میڈل سے نوازاگیا۔
جناب محمد خان نقشبندی:
جناب محمد خان نقشبندی ایک بڑے صحافی اور دانشور ہیں۔ وہ تحریک پاکستان کے کارکن رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں میں اپنے لیکچرزکے ذریعے وہ طلباء کو تحریک پاکستان کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہیں۔ انکی شاندار صحافتی خدمات اور نظریہ پاکستان اور قائد اعظم پر نگارشات کو نظریہ پاکستان کونسل بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہی خدمات پر انہیں گولڈ میڈل دیا گیا۔