حضور کے اسوہ پر عمل کرکے مشکلات پر قابو پایاجاسکتاہے:سینیٹر رزینہ عالم خان

اسلام آباد (پ۔ر) نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ حضور کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہم قومی و سماجی مشکلات پر قابو پا سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایوان قائد کے نظریہ پاکستان کونسل (ٹرسٹ) میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے خواتین کی محفل میلاد کے دوران کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شدت غم میں صبر و استقامت سے کام لینا ہی ایک مسلمان کا شیوہ ہے اس لیے ہمیں انتہا پسندی کے بجائے مساوات محمدی کو اپنانا ہوگا۔ تقریب کی مہمان خصوصی، ایم این اے فرخ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی آخر الزمان کے فلسفہ زندگی پر عمل کر کے ہم ایک متوازن مسلم معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج مسلم دنیا گونا گوں مسائل کا شکار ہے۔ ہم اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں اتحاد اور نظم و ضبط سے مسائل کا حل نکال سکتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے این پی سی کی مجلس عاملہ کی سینئر رکن نرگس ناصر نے کہا کہ تجدید ایمان کیلئے ایسی پرنور محفلوں کا انعقاد ضروری ہے تا کہ ہماری بچیاں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وابستہ خواتین کی سیرت پر عمل کرتے ہوئے بہترین نسلیں پروان چڑھا سکیں۔ اس سلسلے میں نظریہ پاکستان کونسل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ قبل ازیں
محفل میلاد کے آغاز میں تلاوت کلام مجید کے بعد شریک محفل خواتین نے حمد باری تعالیٰ اور درود پاک کورس کے انداز میں پیش کیا۔ بعد ازاں شازیہ اعوان، روبینہ بٹ اور سیدہ بینا نے خوبصورت آواز و انداز میں نعتیں پیش کرکے حاضرین محفل سے خوب داد پائی۔ محفل کے اختتام پر معروف شاعرہ رخسانہ سحر، آمنہ خانم، زینت کنیز اور رباب فاطمہ نے نعتیہ کلام تحت اللفظ پیش کرکے آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر اظہار مسرت کیا۔ محفل کی میزبان شفق نسیم نے تمام مہمان خواتین کا شکریہ ادا کیا۔
——————————————-
کیپشن تصویر 1: نظریہ پاکستان کونسل کی محفل میلادالنبی میں نرگس ناصر، سینیٹر رزینہ عالم اور ایم این اے فرخ خان سٹیج پر نمایاں ہیں۔

کیپشن تصویر 2: ایوان قائد، نظریہ پاکستان کونسل کی محفل میلاد النبی میں شریک خواتین


(شفق نسیم)
پی آر او
رابطہ:

اپنا تبصرہ بھیجیں